اتوار, جون 30, 2024
اشتہار

بھارتی مشن چندریان تھری چاند کی سطح پر اترنے میں کامیاب

اشتہار

حیرت انگیز

بھارت کی جانب سے بھیجے گئے مشن چندریان تھری نے چاند کی سطح پر اترنے میں کامیابی حاصل کرلی، چاند کے قطب جنوبی حصے میں اسپیس کرافٹ اترنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی خلائی ادارے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ’اسرو‘ کا چاند پر بھیجا گیا مشن کامیاب ہوگیا ہے، چندریان تھری نے چاند کے جنوبی حصے میں اترنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے جہاں تاریکی کا ڈیرہ ہے، اسی ہفتے روس کے لونا 25 مشن نے بھی چاند پر اترنے کی کوشش کی تھی مگر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خلائی ادارے ’اسرو‘ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 14 جولائی کو روانہ کیا جانے والا مشن چندریان 3 اگست کی 5 تاریخ کو چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا، وکرم نامی لینڈر 17 اگست کو پروپلشن موڈیول سے کامیابی سے الگ ہونے کے بعد آج چاند کی سطح پر اتر چکا ہے۔

- Advertisement -

2019 میں چندریان 2 کو چاند پر اتارنے کی کوشش کی گئی تھی جس میں بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس بار چاند پر اترنے کا مشن پورا کرلیا گیا ہے۔

اب تک کسی ملک نے چاند کے جنوبی پول پر لینڈنگ نہیں کی، بھارت وہ پہلا ملک ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے، اس سے قبل امریکا، روس اور چین بھی کامیاب سے چاند پر اپنا خلائی مشن اتار چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ہندی اور سنسکرت زبان میں چندریان کا مطلب’چاند گاڑی‘ ہوتا ہے اور اسی نام کو بھارت نے خلائی مشن کے لیے چنا تھا، اس حوالے سے اسرو کا کہنا تھا کہ چاند کے جنوبی پول کی سطح پر اتر کر یہ اندازہ لگانے میں مدد ملے گی کہ یہاں پانی یا برف موجود ہے کہ نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں