راولپنڈی: پاکستان رینجرز نے غلطی سے سرحد پار کرنے والے شہری کو بھارتی حکام کے حوالے کردیا۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان رینجرز نے غلطی سے سرحد پار کرنے والے 23 سالہ بھارتی شہری دلوندر سنگھ کو بھارتی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی نوجوان 6 مارچ 2017 غلطی سے سرحد پار کر کے قصور کے قریب پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا تھا جسے پاک رینجرز نے تحویل میں لے لیا تھا۔
آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق قانونی چارہ جوئی کے بعد بھارتی شہری کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا، اس موقع پر دلوندر سنگھ نے پاکستان کی اچھی میزبانی کی تعریف کی اور حراست کے دوران اچھے سلوک سے پیش آنے پر سیکیورٹی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: جذبہ خیرسگالی کے تحت سرحد پارکرنے والے 78بھارتی ماہی گیروں رہا
واضح رہے کہ حکومت پاکستان جذبہ خیرسگالی کے تحت غلطی سے سرحد پار کرنے والے بھارتیوں کو قانونی چارہ جوئی کے بعد وطن واپس بھیج دیتی ہے جبکہ سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ماہی گیروں کو بھی سزا مکمل ہونے کے بعد رہا کردیتی ہے جبکہ بھارتی جیلوں میں اس وقت بھی سیکڑوں ایسے پاکستانی قید ہیں جو غلطی سے سرحد پار کرگئے تھے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس حکومت پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت غلطی سے سمندری حدود پار کرنے والے 78 ماہی گیروں کو رہا کر کے انہیں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: قصداً پاکستان آنے والا بھارتی سپاہی بھارت کے حوالے
علاوہ ازیں پاک فوج نے جان بوجھ کر پاکستان آنے والے بھارتی فوجی بابو لعل چوہان کو جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی حکام کے کیا اور بندوں واپس کرتے ہوئے اُسے مٹھائی کا ڈبہ بھی بطور تحفے میں دیا تھا۔