اتوار, مئی 25, 2025
اشتہار

بھارتی کرکٹ ٹیم کیسے افغانستان سمیت کئی ٹیموں سے بہت پیچھے؟

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ دنوں بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر 90 سال سے چمٹے ایک منفی ریکارڈ سے چھٹکارا پا لیا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ دنوں چنائی میں جب بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دی تو یہ انڈین ٹیم کا مجموعی طور پر 581 واں ٹیسٹ میں اور 179 ویں فتح تھی۔

اس فتح کے ساتھ بھارتی کرکٹ ٹیم نے کسی بھوت کی طرح 90 سال سے چمٹے ایک منفی ریکارڈ سے اپنی جان چھڑا لی اور پہلی بار اس کے جیتے گئے ٹیسٹ میچز کی تعداد ہارنے والے میچز سے زیادہ ہوگئی۔

بھارتی ٹیم نے 581 میچز کھیل کر 179 میچ میں فتح حاصل کی اور 178 میں اس کو شکست ہوئی۔

بھارت کی ٹیم موجودہ کرکٹ میں مضبوط ٹیم تصور کی جاتی ہے تاہم وہ ٹیسٹ میچوں کی جیت کے معاملے میں نو آموز افغانستان سمیت تمام ٹیسٹ ٹیموں سے پیچھے ہے۔

بھارت نے 1932 میں اپنا پہلا ٹیسٹ سی کے نائیڈو کی قیادت میں کھیلا تھا اور اس میں 158 رنز کی شکست کا سامنا کیا تھا۔ اُس وقت سے بھارت کبھی بھی ٹیسٹ کرکٹ میں فتوحات کی تعداد کو شکستوں سے زیادہ نہیں کر پایا تھا۔

بھارت نے 92 سال میں 581 میچز کھیلنے کے بعد بالآخر شکستوں کی اس عفریت سے چھٹکارا پا لیا اور اپنے جیتے گئے میچز کی تعداد ہارنے والی میچز سے زیادہ کر لی۔

بھارت کو جہاں یہ اعزاز پانے میں 92 سال اور 581 میچز درکار ہوئے وہیں یہ اعزاز اس کے روایتی حریف پاکستان نے صرف تین سال میں 16 میچز کھیل کر ہی حاصل کر لیا تھا۔

چند سال قبل ٹیسٹ اسٹیٹس پانے والی افغان ٹیم بھی صرف تین میچز کھیلنے کے بعد یہ اعزاز پانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ کرکٹ کی سپر پاور آسٹریلیا نے تو پہلے میچ میں ہی یہ اعزاز حاصل کر لیا تھا تاہم ایشز میں اس کے روایتی حریف نے اپنی جیت کا مارجن بڑھانے کے لیے 23 میچوں کا انتظار کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے 99 اور جنوبی افریقہ نے 340 میچزکھیلنے کے بعد اپنی فتوحات کا مارجن شکستوں سے زیادہ کر لیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں وہ ٹیمیں جن کی فتوحات شکستوں سے زیادہ ہیں۔ ان میں پاکستان کی فتوحات 148 ہیں جبکہ 144 میچز میں اسے شکست ہوئی۔ آسٹریلیا نے 414 میں فتوحات سمیٹیں اور 232 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

397 میچز میں انگلینڈ کو فتح حاصل ہوئی، جبکہ 325 میں شکست ہوئی۔ جنوبی افریقہ نے 179 میچز میں کامیابی حاصل کی اور 161 میچز میں شکست ہوئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں