بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے ایک خاتون شہید، جب کہ 4 خواتین سمیت 6 شہری زخمی ہوئے، بھارتی فوجی ایل او سی پر تسلسل سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، خاتون شہید، 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی

انھوں نے کہا کہ 2017 سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بناتا ہے، اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کی پاس داری یقینی بنائے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر امن برقرار رکھے۔

واضح رہے کہ آج بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے نکیال اور جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور 4 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں