نئی دہلی : بھارتی ڈاکٹرز نے علاج کے لیے اسپتال پہنچنے والی زندہ خاتون کو کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود مردہ قرار دے کر گھر لوٹا دیا۔
بھارت میں کرونا نے تباہی مچا رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں ایسے حالات میں بھارتی ڈاکٹروں کی جانب سے عام مریضوں کو بھی جان بوجھ کر مردہ قرار دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
زندہ خاتون کو مردہ قرار دینے کا ایسا ہی ایک اور افسوس ناک واقعہ بھارتی شہر لکھنؤ میں پیش آیا، جہاں ایک مریضہ کو تشویش ناک حالت میں ڈاکٹر لوہیا اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹرز نے دو دن تک خاتون مریضہ کو اسپتال میں داخل کرنے سے انکار کیا، بعدازاں کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر اسپتال میں داخل کیا لیکن علاج میں کوتاہی برتتے رہے اور کچھ گھنٹوں بعد خاتون مریضہ کو مردہ قرار دے دیا۔
اہل خانہ خاتون مریضہ کو لیکر گھر پہنچے تو مریضہ کی سانسیں چل رہی تھی جس پر اہل خانہ نے خاتون کو گھر میں ہی آکسیجن کی فراہم کرکے طبی امداد دی۔
خاتون مریضہ کے بیٹے کا کہنا ہے کہ اب ہم اپنی ماں کا علاج گھر میں ہی کروارہے ہیں اور ساتھ ہی کسی نجی اسپتال میں ماں کو داخل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن کرونا کی وجہ سے داخلہ ممکن نہیں ہوپارہا۔