جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

بھارتی معیشت بحران کا شکار ہے، حکومت عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے، یشونت سنہا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی : بھارت کے سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا نے کہا ہے کہ بھارت کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے اور مودی حکومت عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ معیشت کا یہ حال ہے کہ طلب و رسد میں فرق بڑھتا جارہا ہے حقیقت یہ ہے کہ ہمیں بہت بڑے معاشی بحران کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سہ ماہی میں معاشی ترقی کے بارے میں حکومت کے بلند و بانگ دعوے عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش ہے۔

بھارت کے سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مودی حکومت یہ کہہ کر عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے کہ شرح نمو اگلی سہ ماہی میں بہتر ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ کشمیر میڈیا سروس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حال ہی میں جاری کئے گئے سرکاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ دوسری سہ ماہی کے دوران بھارت کی مجموعی ملکی پیداور تیزی سے کم ہوکر 4.5 فیصد رہ گئی ہے جوکہ گزشتہ چھ برس کے دوران جی ڈی پی کی کم ترین سطح ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جولائی تا ستمبر بھارتی معیشت کی شرح نمو 7 فیصد تھی، رواں سال اپریل سے جون 2019 میں بھارت شرح نمو 5 فیصد تھی۔

اسی طرح بھارت میں بے روزگاری کی شرح بھی 40 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی۔ آٹو سیکٹر میں بھی بے انتہا سست روی اور صارفین کی قوت خرید میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

کچھ عرصہ قبل بھارتی ماہر معاشیات پروفیسر ارون کمار نے بی بی سی میں شائع اپنے ایک کالم میں لکھا کہ 15 ماہ قبل بھارت کی معیشت 8 فیصد کی رفتار سے ترقی کر رہی تھی جو اب نصف ہوچکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں