نئی دہلی: بھارت میں جاری پارلیمانی انتخابات کا چوتھا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا، مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے الیکشن کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے چوتھے مرحلے کے موقع پر ضلع کو لگام میں گذشتہ روز تمام ترسرگرمیاں معطل رہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بھارت میں آٹھ ریاستوں او مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ سمیت 71 حلقوں میں ووٹنگ ہوئی، جس میں مظلوم کشمیریوں نے ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔
چوتھے مرحلے میں کل 943 امیدوار تھے اور 12 کروڑ 79 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، اس دوران کئی پولنگ اسٹیشن پر بدنظمی نظر آئی، مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے۔
بھارت میں انتخابات 7 مرحلوں میں ہو رہے ہیں پانچویں مرحلے کے لیے پولنگ چھ مئی، چھٹے مرحلے کے لیے بارہ جبکہ ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے پولنگ انیس مئی کو ہوگی۔
بھارت کے پارلیمانی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو جبکہ نتائج کا اعلان بھی اسی روز کیا جائے گا۔
دوسری جانب تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے الیکشن کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں اپنی ٹیمیں بھیجیں تاکہ وہاں قید کشمیر کے سیاسی قیدیوں کی حالت زار کا اندازاہ لگایا جاسکے۔
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ
یاد رہے کہ بھارتی الیکشن کے پہلے مرحلے بالشمول مقبوضہ کشمیر سمیت مختلف ریاستوں میں پرتشدد واقعات میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔