مقبوضہ کشمیر میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا اور را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستان کیخلاف زہر اُگلنا شروع کردیا، فالس فلیگ ڈرامے پر کئی سوالات اُٹھ گئے۔
اس سے قبل بھی مودی سرکار سیاسی فائدہ حاصل کرنے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے متعدد بار فالس فلیگ آپریشن کاڈرامہ رچا چکی ہے۔
لیکن اب پہلگام حملے کے بھارتی فالس فلیگ ڈرامے پر سوالات اُٹھ گئے ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مودی سرکار حملے میں ہلاک افراد کی لاشیں کیوں نہیں دکھا رہی؟ حملے میں مارے جانے والے نام نہاد دہشت گردوں کی لاشیں کہاں ہیں؟۔
جس وقت حملہ ہوا اسی وقت سے را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا شروع کردیا یہاں حملہ اور را سے جڑے سوشل میڈیا پروپیگنڈے کی ٹائمنگ پر بھی سوال اٹھتا ہے۔
یہ بات بھی قابل غور ہے کہ مودی سرکار فالس فلیگ حملے میں پاکستانی مداخلت کے ثبوت دنیا کو کیوں نہیں دکھا رہی؟۔ مودی سرکار ثبوت کے طور پر آلات، ٹریس کالز، تصویری یا ویڈیو شواہد سامنے کیوں نہیں لارہی؟۔
اس سے قبل ماضی میں بھی فالس فلیگ ڈرامے کے کئی دن بعد من گھڑت اور جھوٹے شواہد سامنے لانا مودی سرکار کی روایت رہی ہے۔ بھارت فالس فلیگ ڈراموں پر ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹے شواہد گھڑتا رہا ہے۔
سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے چار سو کلو میٹر دور پہلگام میں سرحد پار سے دراندازی کیسے ہوگئی؟۔ مقبوضہ کشمیر میں تعینات آٹھ لاکھ بھارتی فوج نام نہاد دراندازوں کو ٹریس کیوں نہ کرسکی؟۔
انتہائی محفوظ سیاحتی مقام پر دن دہاڑے اتنا بڑا حملہ کیسے ہوگیا؟۔ کیا بھارت کسی بھی بڑے عالمی رہنما کے دورے کے موقع پر اس طرح کے ڈرامے رچاتا رہتا ہے؟۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ بھارت میں جب بھی کوئی بڑا ایونٹ ہو تو اس طرح کا حملہ کیوں ہوجاتا ہے؟۔ کیا بھارت اس بار بھی دنیا کی آنکھوں میں دھول جکھونکنے کیلیے سابق فالس فلیگ ڈراموں کی طرح کوئی نیا ڈھونگ رچانا چاہ رہا ہے؟۔
اس حوالے سے دفاعی تجزیہ کار احمد سعید منہاس کہتے ہیں کہ بھارت نے پہلے بھی پاکستان پر الزام لگائے لیکن کوئی ثبوت نہیں دے سکا۔
انہوں نے کہا کہ بل کلنٹن کے دورہ بھارت کے وقت30 سے زائد سکھوں کو قتل کیا گیا تھا بھارت نے 30 سکھوں کے قتل کا الزام بھی پاکستان پر لگایا تھا، بھارت اس بار بھی اپنی مکاری میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔
تجزیہ کار حیدر نقوی نے کہا کہ بھارت صرف الزامات کی بنیاد پر کھڑا ہے، لیکن اس نے تاحال کوئی ثبوت نہیں دیا، بھارت نے واضح طور پر اپنے لوگوں پر فالس فلیگ آپریشن کیا ہے، بھارت مسائل سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ڈرامے کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ڈرامے کرنے کے بعد دنیا میں رسوا بھی ہوتا ہے، بھارت نے جھوٹا الزام لگایا ہے، اس کی حقیقت بھی جلد سامنے آجائے گی۔