نئی دہلی : بھارتی کسان مودی سرکار کی پالیسیوں سے تنگ آگئے۔ کسانوں نے مودی سرکار کو دھمکی دے دی۔ ان کاکہنا ہے کہ مطالبات نہ تسلیم کیے گئے تو غیر معینہ مدت تک دھرنا دے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کسانوں کی مودی حکومت کے متنازع زرعی قوانین کے خلاف تحریک جاری ہے، اس حوالے سے ملک بھر کی کسان برادری سراپا احتجاج ہے۔
مہاراشٹرا میں سیکنڑوں کسان اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے، سرخ جھندے اٹھائے مشتعل شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ واضح رہے کہ بھارتی کسانوں کا اکوال سے لونی تک تین روزہ احتجاجی مارچ جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سال 2019 میں کسانوں اور زمینداروں کے حقوق کی تنظیم آل انڈیا کسان سبھا نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے پر مہاراشٹرا سے ممبئی تک کامیاب لانگ مارچ کیا تھا۔
اس دوران ہزاروں کسان مظاہرین ناسک سے ممبئی کی جانب روانہ ہوئے، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر قرضوں میں کمی، پانی کی فراہمی اور فصل کی اچھی قیمتیں دینے کے مطالبات درج تھے۔
کسانوں نے مہاراشٹرا کی حکومت کو الٹی میٹم دیا تھا تاہم حکام نے اُن کے مطالبات ماننے سے صاف انکار کردیا جس کے بعد مظاہرین نے ممبئی کی طرف پیدل مارچ شروع کردیا۔