بھارت کی ریاست کرناٹکا سے تعلق رکھنے والی باڈی بلڈر خاتون کی شادی اور تن ساز دلہن کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تن ساز خاتون چترا پرشوتم کی شادی کی تصویریں آج کل سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں، عروسی لباس کے طور پر انھوں نے ساڑھی کو منتخب کیا ہے جبکہ ان کی سجاوٹ میں اچھے خاصے زیور بھی نظر آرہے ہیں۔
گزشتہ کئی سالوں سے باڈی بلڈنگ کرنے والی چترا پرشوتم کو تن سازی کا جنون ہے اور انھوں نے اپنے شوق کو پورا کرنے کےلیے قریبی لوگوں کی ناراضی بھی برداشت کی۔
چترا کے گھر والوں کو بھی اس بات کی فکر تھی کہ ان سے شادی کون کرے گا لیکن انھوں نے تمام تر خدشات غلط ثابت کیے اور اپنے پرانے دوست سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
ان کی شادی سوشل میڈیا پر زیربحث ہے، لوگ حیران ہیں کہ انھوں نے باڈی بلڈر دُلہن پہلی بار دیکھی ہے اور شادی میں بھی اپنے تن سازی کے ایکشن کو برقرار رکھا ہے، صارفین ان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کررہے ہیں۔