منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے طیارے کے نقصان کا اعتراف کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی ایئر فورس کے ہاتھوں اپنا طیارہ تباہ ہونے اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے انتہائی مختصر پریس کانفرنس کی ، پاکستان کی فاتحانہ کارروائیوں کا اعتراف کیا اور بغیر سوال و جواب کے روانہ ہوگئے۔

رویش کمار نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے ایئر فورس نے ان کی تین ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ ان کا ایک مگ 21 طیارہ تباہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی فضائیہ کا ٹکراؤ  ہوا جس میں  ان کا مگ 21 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ پائلٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ لاپتہ ہے، اور اس کے پاکستانی تحویل میں ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کی جارہی ہے۔

یاد ر ہے کہ آج صبح  پاکستانی ایئر فور س نے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے ۔ ان میں سے ایک مقبوضہ کشمیر میں گرا جبکہ ایک پاکستان کی جانب آزاد کشمیر میں گرا۔ پاکستانی جانب گرنےو الے جہاز کے دونوں پائلٹ حراست میں لے لیے گئے ہیں۔

بھارت جان لے، جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتےہیں

پاک فوج  نے بھارتی پائلٹ کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا

ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس کانفرنس میں  بھارت کے ایک پائلٹ کی ویڈیو پیش کی جس میں وہ اپنا نام ابھینندن بتا رہا ہےاور ساتھ ہی ساتھ اپنا عہدہ اور سروس نمبر بھی بتارہا ہے۔

دوسرے پائلٹ کے بارے میں پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ وہ زخمی ہے اور اس کا سی ایم ایچ میں علاج کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی پائلٹس کے ساتھ بالکل ویسا ہی سلوک کیا جارہا ہے جیسا کہ کوئی مہذب قوم کرسکتی ہے۔

آج صبح کے واقعے کے تناظر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ان کی ایئر فورس نے   پاکستانی ایف 16 کو نشانہ بنایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے اس بات کی نفی کی تھی اور بھارتی ترجمان نے بھی اپنی پریس بریفنگ میں اس نوعیت کا کوئی دعویٰ نہیں کیا۔

یاد رہے گذشتہ روز بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

گزشتہ روزبھارتی طیارے مظفرآباد سیکٹر میں جبہ کے مقام پر دراندازی کی کوشش کی تھی اورمظفرآباد سیکٹر میں تین سے چارمیل اندر آئے تھے ، پاک فضائیہ نے انہیں وارننگ دی تھی جس کے بعد  بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں