سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں سے انسانیت سوز سلوک کی تمام حدیں پار کردیں ، نوجوان کوشہید کرنے کے بعدلاش کورسی سے باندھ کرسڑک پر گھسیٹا گیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے انسانیت کی تذلیل کی انتہا کردی، شہید کشمیری نوجوان سے بھارتی فورسزکے بہیمانہ سلوک نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔
بھارتی فوجیوں نے کشمیری نوجوان کو بے دردی سے شہید کرنے کے بعد لاش کو رسی سے باندھ کر سڑک پرگھیسٹا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
دنیا بھر میں بھارتی سفاکیت پر شدید غم وغصے کا اظہارکیا جارہا ہے۔
گذشتہ روزمقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں ظالم بھارتی فورسز نے سوپور کے علاقے میں محاصرے کے دوران فائرنگ کرکے مزید دو کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کردیا تھا۔
چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے پانچ بیٹیوں کےباپ کوشہیدکردیا تھا، حکیم الرحمٰن کی بیٹی جنازے سے لپٹ کر روتی رہی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے مناظر نے دنیا کو رلا دیا تھا۔
یاد رہے گذشتہ سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فوج نے لوگوں کے پتھراؤ سے بچنے کے لیے کشمیری نوجوان کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر شہر کا گشت کیا تھا اور ساتھ ساتھ جیپ سے اعلان بھی نشر کیا جاتا رہا کہ پتھر مارنے والوں کا ایسا حال ہوگا۔
اس واقعے کی تصویر دنیا بھر کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور دنیا بھر کی جانب سے بھارتی فوج پر لعن طعن کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جولائی 2016 میں حریت رہنما مظفروانی کی شہادت کے بعد سے وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران درجنوں کشمیری نوجوان بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔