راولپنڈی: بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شہری شہید اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر رہنے والے شہریوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں آسیہ بی بی نامی شہری شہید اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی سے زخمیوں میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پاک فوج نے ایل او سی کی خلاف ورزی کے بعد بھرپور کارروائی کی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی افواج نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے، بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 2 شہری زخمی
واضح رہے کہ رواں ماہ 18 دسمبر کو بھی بھارتی فوج نے راولا کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں دو شہری 16 سالہ محمد عدنان اور 47 سالہ محمد رشید زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ 6 دسمبر کو پاک فوج کے ترجمان نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ رواں سال بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی میں اضافہ ہوا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پچھلے دو سالوں میں کے مقابلے میں بھارت نے امسال زیادہ جارحیت دکھائی اسی وجہ سے 2017 اور 2018 میں سیز فائر کی متعدد بار خلاف ورزی کی گئی۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سےسیزفائرکی خلاف ورزی کاگراف تیزی سےاوپرگیا، رواں سال اب تک 55 شہری شہید اور 300سے زائد زخمی ہوئے۔