مظفرآباد : جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ تین خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارت آپے سے باہر ہوگیا اور روایتی دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فوج نے ایل او سی کے قریب آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور تین خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے متعدد بھارتی چوکیاں تباہ کردیں، ،بھارتی فوج کو بھاری نقصان کی اطلاعات ہیں۔
یاد رہے 3 روز قبل بھی نکیال سیکٹر پر ہی بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی شہید جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
عالمی یوم امن کے موقع پر بھارتی جارحیت وبربریت ،6 معصوم شہری شہید
اس سے قبل عالمی یوم امن کے موقع پربھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 6 معصوم شہری شہید اور 26 زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔
رواں برس آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 30 سے زائد افراد شہید جبکہ 176 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔