نئی دہلی : بھارت نے ایک بارپھرروایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کودھمکی دی ہے کہ اگرسرتاج عزیز نے حریت رہنماؤں سے ملاقات کی تو مذاکرات روک دئیے جائیں گے۔
پاکستانی ہائی کمیشن نے تئیس اگست کو مشیرامور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے لئے حریت رہنماؤں کو استقبالیے میں مدعو کیا، جس پر بھارتی میڈیا اور حکومت آگ بگولہ ہوگئے، پہلے تو بھارت سرکار نے حریت رہنماؤں کو نظر بند کیا اور پھر پاکستان کو دھمکیاں دینا شروع کردیں۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے بیان دیا کہ پاکستان حریت رہنماؤں سے ملاقات سے باز رہے ورنہ مذاکرات نہیں کریں گے، مذاکرات سے متعلق تمام آپشنز کھلے ہیں۔ حریت رہنماؤں سے سرتاج عزیز کی ملاقات سے دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کونقصان پہنچے گا۔
پاک بھارت تعلقات کی بحالی کی کوشش کے سلسلے میں سرتاج عزیز کی بھارت کے سلامتی امورکے مشیر سے تئیس اگست کو بات چیت متوقع ہے، جسے بھارت کی انتہا پسند حکومت اور میڈیا سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔