لاہور : بھارتی ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچ گئے، ہندو یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے لاہور آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق واہگہ بارڈر کے ذریعے آنے والے وفد میں 159ہندو یاتری شامل ہیں، اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار نے ہندو یاتری کے وفد کوخوش آمدید کہا۔
ہندو یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے خیبر پختونخوا کے علاقے ٹیری کیلئے روانہ ہوگئے، ہندو یاتری پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے پشاور روانہ ہوئے، مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے ہندو یاتری4روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔
تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ24نومبر کو شری گور مہاراج سے مذہبی ٹورازم کا سلسلہ شروع کیا۔
رمیش کمار نے کہا کہ مذہبی ٹورازم کا سلسلہ پہلی مرتبہ ماہانہ بنیادوں پرشروع کیا ہے، مختلف ممالک سے آئے یاتری پروازوں سے پشاور پہنچ چکے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارے4آستان ہیں ان میں سے ایک ٹیری میں ہے، جنوری میں پاکستان کا ایک وفد اجمیر شریف کا دورہ کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی سول ایوی ایشن نے پاکستانی ائیر لائن کو اجازت دینے سے انکار کردیا تھا،161یاتری خصوصی پرواز پر لاہور سے پشاور روانہ ہوگئے، ہندو یاتریوں نے پی آئی اے کی خدمات کو سراہا۔
اس حوالے سے سی ای اوپی آئی اے ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئےانتظامات کررہا ہے، پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کے مقدس مقامات ہیں۔