بھارتی بدقسمت طیارے ایئرانڈیا کی ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گئی، خاتون آخری لمحات میں تاخیر کے باعث جہاز پر سوار ہونے سے رہ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت کے شہر احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کے تباہ ہونے والے مسافر طیارے میں ایک خوش قسمت خاتون سوار ہونے سے رہ گئی، خاتون شوہر کے ساتھ لندن جارہی تھی تاہم تاخیر سے پہنچنے پر جہاز پر سوار نہ ہوسکی۔
مسافرخاتون نے بھارتی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک میں پھنس گئی تھی ایئرپورٹ 10 منٹ تاخیر سے پہنچی، میں ابھی بھی کانپ رہی ہوں، گھبراہٹ کا شکار ہوں۔
خاتون نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ سے باہر آئی تو دیکھا کہ جہاز اڑان بھرنے کے فوری بعد گرا اور تباہ ہوگیا، جہاز پر میرے شوہر سوار ہوگئے تھے میں تاخیر کی وجہ سے نہ جاسکی۔
خیال رہے کہ بھارتی شہر احمدآباد سے لندن جانے والا ایئر انڈیا کا طیارہ گر کرتباہ ہوا جس میں تمام 242 افراد ہلاک ہوگئے، ایئر انڈیا کی فلائٹ 171 احمد آباد سے ٹیک آف کے ایک منٹ بعد ہی گرکرتباہ ہوئی۔
طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے، حادثے کا شکار طیارے میں 11 بچے بھی سوار تھے، طیارے میں 53 برطانوی، 169 بھارتی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہری بھی سوار تھے۔