واشنگٹن : بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑگئی، امریکی محکمہ خارجہ نے بھارتی صحافی کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ نائب ترجمان ٹامی پگٹ نے بھارتی صحافی کو جواب دے کر خاموش کرا دیا۔
اس موقع پر بھارتی صحافی کی جانب سے نائب ترجمان ٹامی پگٹ سے پاکستان مخالف جواب لینے کی کوشش کی گئی لیکن امریکی محکمہ خارجہ نے اس کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔
صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں جوہری مواد کی لیک کی رپورٹس ہیں، جس پر نائب ترجمان ٹامی پگٹ نے جواب دیا کہ ہم نے ایسی کوئی رپورٹس نہیں دیکھیں۔
بھارتی صحافی نائب ترجمان ٹامی پگٹ کی پریس بریفنگ میں زہر اگلنے لگے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کے مسئلے پر صدر ٹرمپ کی ثالثی کو مسترد کردیا ہے۔
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹامی پگٹ نے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ٹامی پگٹ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیرمقدم کرتے ہیں، اور اسے قائم رہتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
ٹامی بگٹ نے کہا کہ امن کاراستہ منتخب کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور نریندرمودی کے فیصلے کو سراہتے ہیں، صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ سیزفائر کا فیصلہ طاقت، دانشمندی اور استقامت کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے براہ راست رابطہ رکھیں، ہماری توجہ جنگ بندی پر ہے،ٹرمپ امن قائم کرنے والے شخص ہیں۔
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھاکہ امریکا امن کی پیروی کرتے ہوئے تنازعات کا خاتمہ چاہتا ہے، صدر ٹرمپ دنیا بھر کےتنازعات کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور امن کیلئے سب کی مدد کو تیار ہیں۔
مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت کو ساتھ ڈنر کرانے کی خواہش کا اظہار
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت کشیدہ حالات کے دوران حریف ممالک پاکستان اور بھارت کو ساتھ ڈنر کرانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
صدر ٹرمپ جو ان دنوں سعودی عرب کے دورے پر ہیں نے ریاض میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان اور بھارت کو ساتھ ڈنر کرانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو مخاطب کیا اور کہا کہ مارکو یہ کتنا اچھا ہوگا کہ دونوں (پاکستان اور بھارت) کو باہر ڈنر پر لے جائیں۔ جس کے جواب میں مارکو روبیو مسکرا دیے۔