نئی دہلی: امریکا میں مقیم ایک بھارتی شخص نے امریکی شہریوں سے دھوکا دہی کر کے 30 لاکھ ڈالر کی رقم وصول کی تاہم جلد ہی وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آگیا اور اسے 3 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے تھا، 29 سالہ ساحل نارنگ مئی کو 2019 میں امریکا میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اب اسے 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق نارنگ امریکی شہریوں خصوصاً بزرگ شہریوں کو دھوکا دینے کے لیے آن لائن ٹیلی مارکیٹنگ اسکیموں کا اہم حصہ تھا۔ قائم مقام امریکی اٹارنی رچرڈ بی مائرے نے کہا کہ نارنگ نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔
بدھ کے روز نارنگ کو 36 ماہ کے لیے وفاقی جیل بھیج دیا گیا، اس کے بعد اس کی 3 سال تک نگرانی کی جائے گی۔
عدالت میں پیش کردہ معلومات کے مطابق نارنگ نے اپنی اسکیموں کے ذریعے ہزاروں لوگوں کے ساتھ دھوکا دہی کی اور اس دوران تقریباً 15 لاکھ سے 30 لاکھ ڈالر تک کی رقم حاصل کی۔
ایف بی آئی کے مطابق 9 ماہ کی مدت میں نارنگ نے روزانہ تقریباً 70 سے زائد فون کالز مراکز کو منتقل کیں اور ایک اندازے کے مطابق اس کی جعلی اسکیمیں 30 فیصد تک کامیاب رہیں۔