نئی دہلی: بھارتی نیوی کا ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی نیوی نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ہفتے چیتک ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں اہلکاروں نے چھلانگ کر اپنی جانیں بچائیں۔
بھارتی بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیتک ہیلی کاپٹر بحریہ عرب میں تعینات تھا جس میں معمول کی پرواز کے دوران تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 1960 میں فرانس کا تیار کردہ چیتک ہیلی کاپٹر نیوی کے بیڑے میں فرسودہ تصور کیا جاتا ہے، بھارتی نیوی تمام چیتک ہیلی کاپٹرز کے بدلے میں 111 نیول یوٹیلٹی ہیلی کاپٹرز خریدنا چاہتے ہیں جس کے لیے ٹینڈر کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کا ایک اورطیارہ راجھستان میں گرکرتباہ
بھارتی نیوی چیتک ہیلی کاپٹرز کو ریسیکیو آپریشن میں استعمال کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی چیتک ہیلی کاپٹر ممبئی سے چنائی جاتے ہوئے نیول بیس چنائی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بھارتی فضائیہ کا مگ 21 طیارہ راجھستان میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، بھارتی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ طیارے کا پائلٹ محفوظ ہے ، ابتدائی تفصیلات کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ جہاز پرندہ ٹکرانے کے سبب کریش ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر مار گرائے تھے۔