احمدآباد بھارت سے دبئی جانے والی پروازکو کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی، پاکستانی ڈاکٹرز نے بھارتی مسافر کی جان بچالی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی طیارے میں سوار مسافر کو ہارٹ اٹیک آنے پر ہوائی جہاز کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ اسپائس جیٹ ایئرکی پرواز ایس جی 15 نے رات ساڑھے 9 بجے کراچی میں لینڈنگ کی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز بھارتی طیارے میں پہنچے اور فوری طبی امداد دے کر مسافر کی جان بچالی گئی۔ تاہم مسافر کا بلڈ پریشراور شوگر لیول کم ہوگیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی پرواز میں موجود مسافروں نے تالیاں بجا کر سی اے اے ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔ کچھ دیر میں پرواز دبئی کیلئے روانہ کر دی جائےگی۔
مذکورہ طیارہ احمدآباد بھارت سے دبئی جارہا تھا۔ اس دوران ہوائی جہاز میں سوار ایک مسافر کو ہارٹ اٹیک ہوا جس کے باعث لینڈنگ کی درخواست کی گئی۔
مسافر کو اچانک ہارٹ اٹیک کے باعث ایئرٹریفک کنٹرول کراچی نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لینڈنگ کی اجازت دی۔