سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت تھم نہ سکی، بھارتی فوج نے پلوامہ میں نام نہادآپریشن کرکے 3کشمیریوں کو شہید کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا80واں روز ہے، عالمی برادری کے دباؤ کے باوجود مودی اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، مقبوضہ وادی میں جارحیت تاحال برقرار ہے۔
بھارتی فورسز نے پلوامہ میں نام نہادآپریشن کی آڑ میں تین کشمیریوں کو شہید کردیا جبکہ وادی میں غذائی بحران شدید ہوگیا ہے، کشمیری دو وقت کی روٹی کو ترس گئے۔
خیال رہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 80 واں روز ہے، وادی میں اسکول کالج تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج ہے۔
مقبوضہ کشمیرکی صورتحال، ملائیشین وزیراعظم میدان میں آگئے ، مودی پریشان
مقبوضہ کشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند اور مواصلاتی رابطے نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام اور ڈاکٹرز کو اسپتال جانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، طلبا اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹی میں نہیں پہنچ پا رہے۔
مواصلاتی نظام کی بندش سے کشمیری شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں جبکہ گھروں میں ادویات اور کھانے کا ذخیرہ ختم ہونے کے باعث موت آہستہ آہستہ کشمیریوں کی طرف بڑھ رہی ہے۔