اشتہار

ایشیا کپ کیلیے پاکستان ٹیم بھیجنے کا معاملہ، بھارتی وزیر کھیل کا بڑا یوٹرن

اشتہار

حیرت انگیز

رواں سال پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے متعلق بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے اپنے سابقہ بیان سے یوٹرن لے لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹیم بھیجنے کے حوالے سے گیند ہمیشہ حکومت کے کورٹ میں ڈالتا رہا ہے کہ حکومت اجازت دے گی تو ٹیم پاکستان جائے گی ورنہ نہیں اور رواں برس پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ کے لیے بھی بی سی سی آئی نے یہی حربہ استعمال کیا۔

دوسری جانب بھارتی حکومت بھی سیکیورٹی کو جواز بنا کر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کرتی آئی ہے۔ زیادہ دور نہ جائیں گزشتہ برس اکتوبر میں وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھلاڑیوں کے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی۔

- Advertisement -

تاہم اب یہی وزیر کھیل سوال بھی وہی لیکن جواب میں انہوں نے اپنے سابقہ بیان سے مکمل یوٹرن لے لیا اور بھارتی کرکٹ ٹیم بھیجنے کا معاملہ بی سی سی آئی کے کورٹ میں ڈال دیا۔
ناگپور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران جب وہ مختلف حکومتی پالیسیز پر بات کر رہے تھے تو ان سے بھارتی ٹیم کے ایشیا کپ کیلیے پاکستان جانے سے متعلق سوال کیا گیا۔ اس سوال پر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے اپنا فیصلہ کر لینے دیں، اس کے بعد ہی وزارت کھیل اور داخلہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

پی سی بی کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کیلیے پاکستان نہیں آتی تو پھر اکتوبر میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے گرین شرٹس کو بھی بھارت نہیں بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شا نے از خود ہی ایشیا کپ کو پاکستان سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا فیصلہ سنادیا تھا، اس پر نہ صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا بلکہ اس کے مطالبے پر ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بلائی گئی جس میں معاملے پر غور مارچ تک موخر کیا گیا تھا اور یہ معاملہ ابھی تک ہوا میں ہی معلق ہے۔

 پی سی بی سربراہ نجم سیٹھی اس حوالے سے دوٹوک الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ وہ آئی سی سی اور اے سی سی میٹنگز میں اس حوالے سے ٹھوس موقف پیش کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں