بنگلورو : بھارتی ریاست کرناٹک اسمبلی میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، ایک غیر متعلقہ شخص اسمبلی میں آکر بڑے آرام سے کرسی پر براجمان ہوگیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی وزیراعلیٰ ریاست کا بجٹ پیش کر رہے تھے اس دوران ایک شخص رکن اسمبلی جیسا حلیہ بنا کر اسمبلی میں داخل ہوا اور تقریباً 15 منٹ تک قانون ساز کی کرسی پر بیٹھا رہا۔
انتظامیہ کی جانب سے شک کرنے پر اس شخص سے سوالات کیے تو اس نے کہا کہ وہ بجٹ اجلاس میں شرکت کرنا چاہتا ہے اور اس بات پر اصرار کرتا رہا کہ وہ ایک ایم ایل اے ہے لیکن اپنے دعوؤں کی حمایت میں ثبوت نہیں دے سکا۔
اس شخص کی شناخت 72 سالہ تھیپے ردرا کے نام سے کی گئی ہے اور وہ ایوان میں قانون سازوں کے درمیان غیرقانونی طور پر داخل ہوا اور بعد میں اسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔