سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے تین روز میں مزید 18 کشمیری نوجوانون کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ وادی کے شہر پلوامہ میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید تین کشمیری شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز کے ہاتھوں تین روز میں شہید کشمیریوں کی تعداد اٹھارہ تک پہنچ گئی، قابض فوج نے پلوامہ کا محاصرہ بھی کیا ہوا ہے جس کے دوران فوجی اہلکار زبردستی گھروں میں داخل ہوکر خواتین سے بدسلوکی اور توڑ پھوڑ کررہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فورسز نے نام نہاد آپریشن کے نام پر متعدد کشمیری نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
دوسری جانب قابض بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں عوام کا زبردست احتجاج جاری ہے۔
اکتیس سالوں میں کتنے کشمیری شہید ہوئے؟
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنوری 1989 سے تیس اپریل 2020 تک بھارتی فوج نے 95 ہزار 548 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 7 ہزار 139 نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
اس دوران بھارتی فوج نے 1 لاکھ 59 ہزار 602 کشمیریوں کو گرفتار کیا جبکہ لاکھوں مکانات کو مسمار کیا، بھارتی فوج کی قتل و غارت کی وجہ سے 22 ہزار 193 خواتین بیوہ ہوئیں جبکہ 11 ہزار 179 خواتین کو ریپ کا نشانہ بھی بنایا گیا۔