ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

پاک بھارتی آبی کشیدگی: بھارتی واٹر کمیشن آج پاکستان آرہا ہے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاک بھارت آبی تنازعے پر مذاکرات کے لیے بھارتی انڈس واٹر کمیشن کا وفد آج دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہا ہے، پاکستان مغربی دریاؤں پر اپنے تحفظات بھارتی وفد کے آگے رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری آبی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے بھارتی واٹر کمیشن آج سے آئندہ دو روز تک اسلام آباد میں پاکستانی انڈس واٹر کمیشن سے مذاکرات کرے گا۔

بھارتی انڈس واٹر کمیشن 9 ارکان پر مشتمل ہے جس کی سربراہی انڈین واٹر کمشنر پرادیپ کمار سکسینا کررہے ہیں ، بھارتی وفد کے پاس پکال دل اور لوئر کلنائی پراجیکٹس پر بات کرنے کا اختیار ہے۔

پاکستانی انڈس واٹر کمیشن کی سربراہی سید مہر علی شاہ کررہے ہیں اور پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں پر ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو خشک سالی کا شکار کردینا چاہتا ہے جو کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجو د ’سندھ طاس معاہدے‘ کی خلاف ورزی ہے۔

بھارت کا وفد واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے گا، وہاں سے انہیں اسلام آباد لایا جائے گا جہاں دونوں ممالک کے وفود اپنے اپنے تحفظات پر گفتگو کریں گے۔

بھارتی وفد تیس اگست شام بھارت روانہ ہوجائےگا، دونوں وفود اپنے اپنے ممالک کو مذاکرات میں پیش کی جانے والی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔ بھارتی واٹر کمیشن نے گزشتہ روز پاکستان آنا تھا تاہم بھارت کی جانب سے شیڈول تبدیل کیا گیا اور بھارتی وفد اب آج آرہا ہے۔ یاد رہے کہ یہ ملاقات جولائی میں ہونا تھی تاہم پاکستان میں الیکشن کے انعقاد کے سبب اسے باہمی اتفاق سے آگے بڑھا دیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں