ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

دوران پرواز مسافر سے مارپیٹ کرنے والا بھارتی نوجوان امریکا میں گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

ہوائی جہاز میں دوران پرواز ساتھی مسافر کے ساتھ جھگڑا کرنے اور کیبن میں افراتفری مچانے والے بھارتی نژاد نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔

فرنٹیئر ایئرلائنز کی پرواز میں سفر کے دوران ہندوستانی نژاد امریکی شہری آپے سے باہر ہوگیا، اس نے نہ صرف کیبن میں بہت ادھم مچایا بلکہ مبینہ طور پر ایک ساتھی مسافر پر "بغیر اشتعال انگیزی کے” حملہ کردیا۔

ملزم کی شناخت 21 سالہ ایشان شرما کے طور پر کی گئی ہے، بھارتی نژاد نوجوان کو میامی میں اترتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والی ایک فرنٹیئر پرواز میں پیش آیا، میامی ڈیڈ شیرف کے دفتر نے جہاز پر مذکورہ واقعے کے حوالے سے اطلاع دی۔

حکام نے بتایا کہ ایشان شرما متاثرہ مسافر کے پاس پہنچا اور اپنی مقرر کردہ نشست پر واپس آتے ہوئے اس شخص کو گردن سے پکڑ کر مارپیٹ شروع کر دی، فلائٹ میں پیش آئے واقعے کی ویڈیوز اب سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں۔

ان ویڈیوز میں دو افراد کو ایک دوسرے سے لڑتے اور مکوں کا استعمال کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ حیران و پریشان مسافروں انہیں رکنے کے لیے چیخ رہے ہیں۔

ایشان شرما کو اس کی بائیں بھنو کے اوپر زخم لگا جس کے لیے اسے طبی امداد کی ضرورت پیش آئی جبکہ متاثرہ مسافر کو معمولی چوٹیں آئیں اور اس نے ٹریٹمنٹ لینے سے منع کردیا۔

عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جھگڑے کے بعد شرما کو مسکراتے ہوئے، خود سے بڑبڑاتے ہوئے، اور اپنے خون آلود چہرے کی سیلفی لیتے ہوئے دیکھا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں