ممبئی: بھارت سے تعلق رکھنے والے معروف یوٹیوب اسٹار بھوون بام کے والدین کرونا سے انتقال کرگئے۔
بھوون بام نے ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور فوٹو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے والدین کے ہمراہ بنائی گئی یادگار تصاویر شیئر کیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’کرونا وائرس نے مجھ سے میری زندگی کا مقصد چھین لیا، والدین کے بغیر اب کچھ بھی پہلے جیسا نہیں رہا، صرف ایک ماہ کے اندر گھر، خواب اور سب کچھ بکھر کر تباہ ہوگیا‘۔
بھوون بام نے لکھا کہ ’میری ماں اور باپ اب میرے ساتھ نہیں ہیں، اب مجھے دوبارہ سے جینے کا سلیقہ سیکھنا پڑے گا، اپنی بقیہ زندگی میں ان تلخ سوالات کے ساتھ بسر کروں گا کہ کیا میں ایک اچھا بیٹا تھا؟ ، میں نے اپنے والدین کو بچانے کی کتنی کوشش کی؟’ْ
View this post on Instagram
واضح رہے کہ بھوون بام کا شمار بھارت کے معروف اور مقبول ترین یوٹیوبرز میں ہوتا ہے، انہیں پاکستان میں بھی سوشل میڈیا صارفین فالو کرتے ہیں۔
بھارت میں کرونا وائرس، بلیک اور وائٹ پھپھوندی (فنگس) کے کیسز کی وجہ سے اموات رکنے کا نام نہیں لے رہیں، یومیہ بنیادوں پر رپورٹ ہونے والے کیسز کی وجہ سے شعبۂ صحت پر بہت زیادہ بوجھ پڑا ہے، جس کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوگئی ہے جبکہ آکسیجن کی قلت بھی سنگین صورت اختیار کرچکی ہے۔