اتر پردیش کی ایک مقامی یو ٹیوبر مالتی چوہان گزشتہ رات اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں، یوٹیوب سے شہرت پانے والی 30 سالہ مالتی چوہان کی لاش جمعرات کی صبح مہولی تھانے کے علاقے میں ان کے سسرال کے گھر میں لٹکی ہوئی ملی۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مالتی چوہان نے اپنی ویڈیوز کے سبب یوٹیوب پر شہرت حاصل کی تھی، اور وہ اکثر اپنے شوہر کے ساتھ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کے لیے ویڈیوز بناتی تھیں، پولیس کی جانب سے ہر زوایے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
مالتی کے والد نے اپنے داماد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے، جس میں انہوں نے اپنے داماد پر مالتی کے قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ موت سے ایک دن پہلے وشنو مالتی کو اس کے ماموں کے گھر سے اپنے گھر لے گیا تھا۔
مالتی چوہان کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ مقتولہ کے شوہر کے رادھیکا نامی ایک اور خاتون کے ساتھ تعلقات تھے، جس کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا اور ان کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔ رادھیکا کے ساتھ وشنو کے غیر ازدواجی تعلقات کی وجہ سے دونوں میں اکثر لڑائی رہتی تھی۔
پولیس کی جانب سے مذکورہ معاملہ سامنے آنے کے بعد مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
دریں اثنا وشنو نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مالتی کی شادی اس کے مبینہ عاشق ارجن سے چند ماہ قبل کرائی تھی جس کے بعد مالتی اور وشنو دونوں الگ رہنے لگے تھے۔
اپنی موت سے چند گھنٹے قبل مالتی نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اپنے شوہر وشنو کے ساتھ جاری ازدواجی جھگڑے کے بارے میں بات کی تھی اور یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ وہ اپنے سسرال جا رہی ہے۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے کر مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔