اسلام آباد : بھارت کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کو سیاست زدہ کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف منفی بیانیہ بھارت کی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کو عالمی سطح پر ایک اور ناکامی کا سامنا ہے، بھارت کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کو سیاست زدہ کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے اس اقدام کو مسترد کر دیا، پاکستان معاشی ترقی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے اور میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پورے عزم سے کام کررہا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف منفی بیانیہ بھارت کی سندھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی کی طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،بھارت کا یہ رویہ خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ بھارتی عدم برداشت خطے میں توازن کو خراب کر رہی ہے،آئی ایم ایف پروگرام میں بھارتی مداخلت کسی صورت منظورنہیں، پاکستان اپنی معیشت کو مسلسل مستحکم کرنےکی کوششیں کررہاہے، بھارت مسلسل عالمی قوانین اوردوسرے ملکوں کے حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
مشیر وزارت خزانہ خرم شہزاد نے خبر رساں ایجنسی روئٹر کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کا پروگرام ٹریک پر ہے، بھارت اپنے مفاد اور سیاست کیلئے آئی ایم ایف کو سیاست زدہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، جو بھارت کے اپنے لئے شرمندگی کا باعث ہے، آئی ایم ایف کبھی سیاست کا شکار نہیں ہوا۔
یاد رہے ایک سرکاری ذریعے نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ بھارت نے پاکستان کو دیے گئے قرضوں پر آئی ایم ایف کے ساتھ تحفظات کا اظہار کیا اور اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔