اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کھوکھلا ہوگیا ہے، بھارت نے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل اوسی پر چھیڑ خانی کی۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قائداعظم نے آر ایس ایس کا نظریہ بھانپ لیا تھا، پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکانے والے آج اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا نظریہ وہیں ملیہ میٹ ہو رہا ہے، بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کھوکھلا ہوگیا ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بھارت ایل اوسی پر چھیڑ چھاڑ کرکے دنیا کو غلط معلومات دے رہا ہے، بھارت نے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے ایل اوسی پر چھیڑخانی کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم روایتی انداز میں دہرا رہا ہے، بھارت اپنے اندرون حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارتی میڈیا جھوٹ اور پاکستان کا میڈیا حقائق دکھا رہا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک جماعت کو شہید بینظیر بھٹو کی یاد صرف برسی پر ستاتی ہے، سلیکشن پرچی پر آنے والے سیاست میں اسکائی لیب کی طرح اترے ہیں، پاکستان کی عوام اور حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب ملک میں گٹھ جوڑ، مک مکا والی جمہوریت واقعی نہیں ہے، پرچی کے ذریعے آنے والے وزیراعظم کو سلیکشن کا طعنہ دے رہے ہیں، بلاول صاحب سندھ میں جمہوریت لائیں، اپنے وزیراعلیٰ کو آزاد کریں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت کی باتیں کرنے والے بلاول پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لائیں، جمہوریت اقتدار کا نہیں بلکہ عوام کی رائے کا نام ہے۔