بھارت نے آبی جارحیت کرتے ہوئے دریائے جہلم میں پانی کا بڑا ریلہ چھوڑ دیا ہے۔
ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ایک بند سے پانی چھوڑا گیا ہے، دریائے جہلم کے دو میل کے مقام پر 22 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔
ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پانی کے زیادہ بہاؤ سے درمیائے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
ڈائریکٹر ایس ڈی ایم اے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پاور پراجیکٹ ڈیم کے اسپل ویز کھولے گئے ہیں، ڈیم اسپل ویز کھولنے سے پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا، عوام دریا سے دور رہیں۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت دیگر کئی اعلانات کیے تھے۔
سندھ طاس معاہدہ بھارت اور پاکستان کے درمیان واحد معاہدہ ہے جو 3 بڑی جنگوں، جموں و کشمیر اور دونوں ممالک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بغاوتوں اور 2002 کے فوجی بحران کے باوجود قائم رہا ہے۔
اس معاہدے کو دنیا بھر میں سرحد پار آبی تنازع کے کامیاب حل کی روشن مثال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی حکومت کے اعلانات کے جواب میں ایسے کئی اقدامات کا اعلان کیا، جو بین الاقوامی قانون کے تحت جائز جوابی اقدامات کے زمرے میں آتے ہیں۔