تازہ ترین

سندھ حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دے دیا

کراچی: سندھ حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا عندیہ دے دیا ہے، وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ صوبے میں مریضوں کی تعداد بڑھنے پر دوبارہ لاک ڈاؤن لگا سکتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام کسی بھی طرح کی افواہوں پر کان نہ دھریں، اگر سندھ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی ہے تو پھر سے لاک ڈاؤن لگا دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رہنا چاہیے، ہم نے وبا کو روکنے کے لیے جو کوششیں کیں، اب ان کو ریل اور جہاز کی سفری آزادیاں نقصان پہنچا رہی ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ ہمیں کرونا وائرس کی وبا کے ساتھ رہنے کی عادت اپنانا ہوگی۔

سندھ میں کورونا کے 573 نئے کیسز رپورٹ ، اموات کی تعداد 374 ہوگئی

دریں اثنا، سندھ حکومت نے عوام کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا، ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا موجودہ حالات میں انسانیت کی بقا میں مصروف مسیحا ہمارا فخر ہیں، اپنے فرنٹ لائن سولجرز کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں، اسپتالوں میں بیڈز اور دیگر سہولتیں بھی بڑھا رہے ہیں۔

انھوں نے پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی لائق تحسین قرار دیا۔

واضح رہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 22,934 ہو گئی ہے، جن میں سے 14,592 مریض زیر علاج ہیں، اور 374 مریض اب تک جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 7973 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

Comments

- Advertisement -