جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

انڈونیشیا: بریک فیل ہونے پر بس کو بڑا حادثہ

اشتہار

حیرت انگیز

جکارتہ: انڈونیشیا میں ایک بس بریک فیل ہونے کے باعث پہاڑ سے ٹکرا گئی، حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو انڈونیشیا کے جزیرے جاوا پر فیکٹری ورکرز کو لے جانے والی ایک ٹور بس کے حادثے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے سبب پیش آیا، بریک فیل ہونے کے بعد گاڑی بے قابو ہو گئی تھی، یہ حادثہ انڈونیشیا کے صوبے یوگیاکارتا میں پیش آیا۔

زندہ بچ جانے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے ڈرائیور گھبراہٹ کا شکار ہو گیا تھا، رفتار کم کرنے کے لیے مسلسل گیئر شفٹ کرتا رہا۔

بنتول ریجنسی کے ضلعی پولیس سربراہ احسان نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے جن عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کی انھوں نے بتایا کہ انھوں نے ڈرائیور کو گھبراتے ہوئے دیکھا، وہ گیئر اسٹک کو سنبھالنے کی جدوجہد کر رہا تھا، اس لیے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ بریک کام نہیں کر رہا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ بس اتوار کی دوپہر 2 بجے کے قریب کھڑی ڈھلان سے نیچے جا رہی تھی کہ ڈرائیور کا گاڑی پر سے کنٹرول ختم ہو گیا، حادثے میں ڈرائیور بھی نہ بچ سکا۔

بس کے مسافروں نے یہ بھی بتایا کہ حادثے سے کچھ ہی دیر قبل مسافروں کو عارضی طور پر اترنے کے لیے کہا گیا تھا، کیوں کہ بس کو اوپر جانے میں دشواری ہو رہی تھی۔

27 کروڑ آبادی پر مشتمل اس جزیرے والے ملک میں جان لیوا ٹریفک حادثات عام ہیں، جہاں گاڑیاں اکثر پرانی ہیں اور ان کی دیکھ بھال بھی ناقص ہے، اور سڑک کے قوانین کو معمول کے مطابق نظر انداز کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں بھی مغربی جاوا صوبے کے شہر سمیدانگ میں درجنوں زائرین کو لے جانے والی ایک بس گہری کھائی میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں