ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 8 ماہ میں پاکستان کی بڑی صنعتی پیداوار میں 1.9 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا فروری بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی دیکھی گئی، فروری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 3.51 فی صد کمی ہوئی۔
جنوری کے مقابلے میں فروری میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 5.9 فی صد کمی ہوئی، چینی کی پیداوار میں 12.62 فی صد، کھاد 1.63 فی صد، سیمنٹ کی پیداوار میں 6.43 فی صد کمی آئی، لوہے اور فولاد کی صنعتوں کی پیداوار میں 11.7 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔
الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بڑا قدم، چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں 22 روپے فی یونٹ تک زبردست کمی
دوسری طرف تمباکو کی پیداوار میں 19.8 فی صد اور ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 1.78 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ملبوسات کی پیداوار میں 8.6 اور آٹو موبائل میں 43.3 فی صد اضافہ ریکارڈ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا فروری پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 4.56 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی صنعتی پیداوار، جس میں مینوفیکچرنگ، کان کنی، اور بجلی جیسے شعبے شامل ہیں، میں عام طور پر اوسطاً 4.58 فی صد نمو ریکارڈ کی جاتی ہے۔ تاہم، حالیہ اعداد و شمار اس شعبے میں سست روی کی نشان دہی کرتے ہیں، 2025 کے اوائل میں صنعتی پیداوار میں کمی ہوئی اور 2024 کے مالی سال کے پہلے 9 مہینوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
پاکستان میں اہم صنعتی شعبوں میں مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، آٹوموٹیو، کان کنی، بجلی اور گیس، تعمیر، اور فوڈ پروسیسنگ شامل ہیں۔