اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صنعتی شعبے کو ہرممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں مالی سال2020-21 کے آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے اجلاس کے شرکا کو آئندہ بجٹ کے خدوخال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کروناوبا نے معیشت کی رفتار کو شدیدمتاثر کیا ہے،حکومت نے مالی رکاوٹوں کے باوجود کاروبار،صنعتوں کو غیرمعمولی پیکج دیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ صنعت کو ہر ممکن مراعات اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا ہوں گے،معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کے لیے ہرممکن کوشش کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سب سے متاثرہ شعبوں کی نشاندہی کر کے بجٹ میں زیادہ مدد فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے اجلاس کے دوران غیر ضروری سرکاری اخراجات کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی اخراجات میں کمی لائیں۔
عمران خان کا سبسڈی کی فراہمی کے موجودہ نظام پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال اہم شعبوں میں اصلاحات تیز کرنے کا مطالبہ کرتی ہے،اصلاحات کا عمل تیز ہوتاکہ خزانے پر بوجھ کم ہو اور عوام کو ریلیف ملے۔
=