خرطوم: افریقی ملک سوڈان میں چڑیا گھر انتظامیہ کی نااہلی کے باعث غذائی قلت سے شیروں کی حالت غیرہوگئی، پارک میں موجود شیروں کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں قائم ایک مقامی پارک میں موجود شیروں کی حالت دیکھ کر دل کانپ اٹھا، کھانا پانی نہ ملنے کے باعث شیر سوکھ کر دھان پان سے ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملک میں جاری معاشی بحران کے باعث پارک انتظامیہ بھی غذائی قلت کی کمی کو پورا کرنے سے قاسر ہے، سوڈان کے مختلف علاقے ایسے بھی ہیں جہاں انسان تین وقت کے کھانے سے بھی محروم ہیں، ایسی صورت حال میں جانوروں کی غذا پوری کرنا کیسے ممکن ہے۔
’’القریشی ‘‘ نامی چڑیا گھر میں اس سے قبل ایک شیر کی موت بھی ہوچکی ہے۔
ایسی صورت حال میں مقامی شہری نے قدم اٹھایا، اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جانورں کی حفاظت سے متعلق مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد عطیات جمع کرکے جانوروں کی خوراک کا بندوبست کرنا ہے۔
عثمان صالح نامی شخص کا کہنا تھا کہ شیروں کی یہ حالت دیکھ کر مجھ سے رہا نہیں گیا، میں ان تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں جو مستحق ہیں وہ میری مدد کریں اور اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔