وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی کی شرح 81 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اظہارِ اطمینان کیا ہے اور اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آنا خوش آئند ہے، میکرواکنامک استحکام حاصل کرلیا ہے لیکن یہ صرف آغاز ہے، ہم نے اڑان پاکستان جیسے منصوبے کا آغاز کیا، یہ منصوبہ پاکستان کو دنیا کے صف اول ممالک میں کھڑا کردے گا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، 24 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا، افراطِ زر 38 فیصد سے کم ہوکر4.1 فیصد پرآگیا۔
انھوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بہترین مارکیٹ بن چکی ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد پرآگیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا معیشت کی بہتری کی نشاندہی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس تھا، مشکلات کے حل کیلئے دن رات کام کیا، ان شااللہ عوام کی زندگیوں میں مزید بہتری آئےگی۔