حیدرآباد: وفاقی وزیرنجکاری محمد میاں سومرو کا کہنا ہے کہ مہنگائی کم ہوگئی ہے، اگلے بجٹ میں بہت بہتری ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے قاسم آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 140اے کے تحت لوکل گورنمنٹ کو اختیارات دینا قانون میں ہے۔
این آر او سے متعلق محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کوئی این آر او نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ہوگئی ہے، اگلے بجٹ میں بہت بہتری ہوگی۔
وفاقی وزیر نجکاری کا مزید کہنا تھا کہ چینی بحران پر جو بھی انکوائری رپورٹ آئی پبلک کریں گے۔ جہانگیر ترین سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ساتھ ہیں سائیڈلائن نہیں ہیں۔
مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے: فواد چوہدری
اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ مہنگائی کی شرح میں مسلسل دوسرے ماہ کمی آئی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مارچ میں مہنگائی میں مزید کمی کی توقع ہے، حکومتی اقدامات اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کا جن بوتل میں بند ہوتا دکھائی دیتا ہے۔