فیصل آباد : استری کرنےمیں تاخیر پر مشتعل بااثر افراد نے ڈرائی کلینر کو تشدد کا نشانہ بنایا ، جس سے مالک وقاص اور اس کا ملازم زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد کے صدر بازار میں واقع ڈرائی کلین شاپ کا مالک وقاص علاقے کے بااثر شخص کے ملبوسات بروقت استری کر کے واپس نہ دے سکا، جس پر ملزم نے اپنے دس سے زائد ساتھیوں کے ہمراہ دکان پر دھاوا بول دیا۔
حملہ آوروں کے تشدد سے ڈرائی کلین شاپ کا مالک وقاص اور اس کا ملازم زخمی ہو گئے ، جنہیں جنرل اسپتال غلام محمد آباد منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی تاہم تشدد کے بعد ملزمان فرار ہو گئے ۔
اے آر وائی نیوز کو حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو دکاندار اور ملازمین پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔
فوٹیج میں متاثرہ افراد اپنی جان بچا کر بھاگتے نظر آتے ہیں تاہم تھانہ غلام آباد پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔