اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری زندگی کے آخری دن جیل یا بیرون ملک گزاریں گے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جب کوئی بڑا آدمی جیل جاتا ہے تو فوراً بیمار ہو جاتا ہے، نواز شریف کی صحت سے متعلق فیصلہ ڈاکٹرز نے کرنا ہے۔
[bs-quote quote=”وزیرِ پیٹرولیم گیس قیمتوں میں اضافے کی انکوائری کر کے وزیرِ اعظم کو آگاہ کریں گے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]
وزیرِ اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کی قسمت کا فیصلہ عدالتوں کے ہاتھ میں ہے۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر انھوں نے وضاحت کی کہ حکومت کی طرف سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ 10 فی صد تھا، لیکن اب اتنا زیادہ بل کیوں آ رہے ہیں، وزیرِ پیٹرولیم اس سلسلے میں انکوائری کر کے وزیرِ اعظم کو آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی گھریلو صارفین کے لیے گیس کے اضافی بلوں کا نوٹس لے لیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے اطلاع دی کہ صحت کارڈ کے پہلے مرحلے کا افتتاح کل کیا جا رہا ہے، صحت کارڈ سے 7 سے 9 لاکھ روپے تک کا علاج ہو سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 10 سے 143 فیصد تک ہوش ربا اضافہ
مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اختلافات کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ وہ ہماری اتحادی جماعت ہے، اس کے ساتھ اختلافات کی نوعیت اتنی شدید نہیں ہے۔
سانحہ ساہیوال کے تناظر میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گورننس کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا ہے، اس سلسلے میں بڑی تبدیلیاں اور محکمہ پولیس میں بڑی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔