لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب، میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ نیب قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائیاں کر رہا ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ نیب نے پی ٹی آئی وزرا کے خلاف بھی کارروائیاں کی ہیں.
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ نیب نے ہمارے وزیرکو اب بھی زیرحراست رکھا ہوا ہے، اپوزیشن دوستیاں نبھانے کے بجائے حق کی بات کرے.
پی پی رہنما خورشید شاہ کو نیب نے بلایا تھا، مشورہ ہے کہ خورشید شاہ کے پاس جو بھی ثبوت ہیں، وہ پیش کردیں.
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ، کرپشن کے ثبوت آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں، صوبائی وزیرسبطین خان کا تعلق میانوالی سے ہے، وہ بھی زیرحراست ہیں، سبطین خان اپنی بے گناہی ثابت کریں اور باہر آجائیں.
مزید پڑھیں: نیب نے 71 ارب وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے: جسٹس (ر) جاوید اقبال
وزیر اطلاعات پنجاب کا کسی کا نام لیے بغیر کہنا تھا کہ جو شخص وزیراعظم کے جہازمیں بیٹھ کر بیرون ملک چلا جائے، اس کو کیسے پکڑا جائے گا، اس کا بھی تعین کیا جائے.
خیال رہے کہ گزشتہ آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں پی پی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو روالپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا۔