دوحا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کل انشااللہ ایک طویل جنگ کے بعد امن کا معاہدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے ہمارا مستقبل جڑا ہوا ہے، کل انشااللہ ایک طویل جنگ کے بعد امن کا معاہدہ ہوگا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معاہدے سےافغانستان ،پاکستان کو ہی فائدہ نہیں، خطہ مستفید ہوگا، جب امن و استحکام ہوگا تو تعمیر و ترقی کے نئے راستے کھلیں گے ، دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے بے پناہ مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قیام امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے، سیکورٹی فورسز، پولیس، عام شہریوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے،
کل طالبان، امریکا معاہدے سے امید کے نئے دیے روشن ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل ہونے والے معاہدے میں پاکستان کے نمائندہ کے طور پر شریک ہوں گا، کل امن معاہدے پر دستخط کے بعد اس خواب کو تعبیر ملنے والی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ناقدین جو کل تک پاکستان کو دہشت گردی کی جڑ قرار دے رہے تھے، آج قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا رہے ہیں، وہ ناقدین آج پاکستان کو پارٹنر ان پیس قرار دے رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے پڑوس اور افغانستان میں موجود عناصر کو امن معاہدہ ہضم نہیں ہوگا، ان عناصر کا کاروبار تخریب سے چلتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے افغانستان کے ساتھ نئے رشتے کی بنیاد رکھی ہے، افغانستان سے اچھے ہمسایہ کی طرح برادرانہ تعلقات کےخواہاں ہیں۔