دنیا بھر میں مقبول سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام کی انتظامیہ اب ایک نئی تبدیلی لانے کی تیاری کررہی ہے، پیغامات پر ’ڈس لائک‘ یا ناپسند کرنے کا بٹن شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
انسٹاگرام کپمنی میٹا نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک ایسا فیچر آزما رہی ہے جس سے صارفین اس بات کا اظہار کر سکیں کہ انہیں کوئی کمنٹ یا تبصرہ پسند نہیں آیا یا وہ اسے غیر متعلقہ سمجھتے ہیں۔
اس حوالے سے انسٹاگرام پر ڈس لائک بٹن کی آزمائش شروع کردی گئی ہے اور محدود صارفین کو اس تک رسائی بھی دے دی گئی ہے، صارفین کو یہ فیچر انسٹاگرام کی فیڈ پوسٹس اور ریلز دونوں میں نظر آئے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے تھریڈز پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ بٹن صرف نجی طور پر کام کرے گا، یعنی ڈس لائک کا کوئی کاؤنٹ ظاہر نہیں ہوگا اور کسی کو یہ معلوم نہیں ہوگا کہ آپ نے کسی تبصرے کو ناپسند کیا ہے۔
اپنے ایکس پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں یہ بٹن ڈس لائکس تبصروں کی درجہ بندی (رینکنگ) میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔
مذکورہ بٹن کے تحت صارفین ابھی کسی بھی صارف کی جانب سے شیئر کی جانے والی پوسٹ یا ویڈیو کو ڈس لائیک نہیں کر سکیں گے بلکہ وہ مذکورہ پوسٹ یا ویڈیو پر کیے جانے والے کمنٹس کو ڈس لائک کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں ڈس لائیک کرنے والے صارف کا یوزر نیم بھی واضح نہیں ہوگا، اس لیے مذکورہ بٹن کو بہترین قرار دیا جا رہا ہے۔
انسٹاگرام کے سربراہ نے اسی حوالے سے تھریڈ پوسٹ میں تصدیق کی کہ ڈس لائیک بٹن کی آزمائش جاری ہے اور آنے والے وقتوں میں اس تک مزید صارفین کو رسائی دی جائے گی۔