سان فرانسسکو: سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی ایپ انسٹاگرام نے آن لائن ہراسگی کے واقعات کو روکنے کے لیے نیا فیچر متعارف کرنے کا اعلان کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے بتایا کہ انتظامیہ ’’رسٹرکٹ‘‘ فیچر متعارف کرانے جارہی ہے جو متنازع پوسٹ کرنے سے پہلے صارف کو متنبہ کردے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم انسٹاگرام کے پلیٹ فارم پر تمام صارفین اور بالخصوص خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے خواہش مند ہیں اور اس حوالے سے مکمل ذمہ داری کا مظاہرہ بھی کررہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنسی ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ہم نے ترجیحی بنیاد پر اس مسئلے کو دیکھا اور نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے تاکہ صارفین کا بھروسہ قائم و دائم رہے۔
ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ نئے فیچر سے لوگوں کو کمنٹس پوسٹ کرنے سے قبل نظر ثانی اور اسے منسوخ کرنے کا پیغام دیا جائے گا اگر صارف نے پھر بھی کوئی نازیبا کمنٹ کیا تو اُسے رپورٹ ہونے کی صورت میں کمپنی کی جانب سے حذف کردیا جائے گا۔
فیچر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ رسٹرکٹ کی سہولت پہلے چند صارفین کو دی گئی اور اس کی آزمائش کی گئی، اس دوران لوگوں کا مثبت ردعمل سامنے آیا اور سہولت استعمال کرنے والوں نے اپنے کمنٹس منسوخ بھی کیے۔ انہوں نے بتایا کہ انسٹاگرام وہ واحد ادارہ ہے جو نازیبا کلمات کی تشہیر کو عملی طور پر محدود کرنے جارہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جس آئی ڈی کے کمنٹ کو رپورٹ کیا جائے گا اُس کے بعد وہ شخص شکایت کنندہ کو فالو کرنے کے باوجود پروفائل تک کسی صورت رسائی حاصل نہیں کرسکے گا اور نہ ہی اُس کو یہ معلوم ہوگا کہ کمنٹس کو کس نے رپورٹ کیا۔