لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں خاتون نے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کردیں، عورت نے ناصرف ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کی بلکہ اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے ڈالیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک اہلکار سے بداخلاقی کا یہ واقعہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں پیش آیا، خاتون کی جانب سے غلط جگہ گاڑی پارک کرنے پر وارڈن نے اسے آگاہ کیا اور کار ہٹانے کو کہا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی۔
خاتون ڈرائیور کو یہ ہدایت بری لگ گئی اور وہ آپے سے باہر ہوکر ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی کرنے لگی۔ اس دوران عورت نے وارڈن سے وائر لیس سیٹ بھی چھیننے کی کوشش کی۔
عورت کی اس بدسلوکی کی وجہ سے کافی دیر تک ٹریفک کی روانہ رکی رہی۔ گلبرگ پولیس نے وارڈن کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا اور خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔