کراچی: حساس اداروں نے شہر قائد میں دہشت گردی کا الرٹ جاری کردیا اور کہا ہے کہ کالعدم تنظیمیں دہشت گردی کا منصوبہ بنارہی ہیں، راؤ انوار سمیت دیگر سی ٹی ڈی کے پولیس افسران کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ،حساس اداروں نے شہر قائد میں دہشت گردی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیمیں حالات خراب کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہیں اور اپنی موجودگی ظاہر کرنے کے لیے دہشت گردی کرنا چاہتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے خبردار کیا ہے کہ کالعدم تنظیموں نے پولیس افسران کو بھی ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، ایس ایس پی راؤ انوار کا نام سرفہرست ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تنظیمیں سی ٹی ڈی کے افسران کو بھی ٹارگٹ کرسکتی ہیں ان میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی علی رضا اور راجہ خالد کے نام شامل ہیں۔
حساس اداروں نے الرٹ میں مزید کہاہے کہ پولیس افسران کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔