کراچی میں انٹر سال اول کے متنازع نتائج کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے اور ایک گرلز کالج کی طالبہ تمام پرچوں میں فیل قرار دے دی گئی ہے۔
کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج دو سال سے متنازع ہو رہے ہیں۔ رواں سال بھی نتائج کے بعد طلبہ وطالبات نے نتائج پر اعتراضات کھڑے کر دیے اور بتایا کہ میٹرک میں اے اور اے ون گریڈ والے طلبہ وطالبات کو سی اور ڈی گریڈ دیے گئے۔
اب اس حوالے سے ایک اور متنازع نتیجہ سامنے آیا ہے۔ گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج اورنگی ٹاؤن کی طالبہ شگفتہ عالم تمام پرچوں میں فیل قرار دی گئی ہے۔
شگفتہ عالم نے 2024 میں پری میڈیکل کے پرچے دیے تھے اور جب نتیجہ سامنے آیا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ وہ تمام پرچوں میں فیل ہے جب کہ اس نے میٹرک میں 82.73 فیصد نمبروں کے ساتھ اے ون گریڈ حاصل کیا تھا۔
طالبہ نے کاپیوں کی چیکنگ کے نظام کو ناقص قرار دیتے ہوئے نتائج کی دوبارہ جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا ہے جب کہ انٹربورڈ کی انتظامیہ نے نتائج پر اعتراض کرنے والے امیدواروں کو اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
انتظامیہ انٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ امتحانی کاپیوں کی شفاف جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس موقع پر متعلقہ مضمون کا پروفیسر بھی موجود ہوگا جب کہ والدین کی موجودگی میں امیدوار کو اس کی امتحانی کاپی بھی دکھائی جا سکتی ہے۔
انٹر بورڈ کے نتائج متنازع ہونے اور طلبہ کے احتجاج کے بعد بورڈ چیئرمین کو ہٹا کر میٹرک بورڈ کے چیئرمین شرف علی شاہ کو انٹر بورڈ کا قائم مقام چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز انٹر بورڈ کے قائم مقام چیئرمین شرف علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں انٹر میڈیٹ نتائج میں کم نمبر کا ذمہ دار طلبا کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ 2 سال میں نصاب تبدیل ہوا ہے،بچے کالجز میں کلاسز لینے ہی نہیں آتے۔
انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ سائنس کی کاپیوں میں طلبہ نے گانے لکھے ہوتےہیں، سوالوں کے جواب معلوم نہیں ہوتے، طلبہ سمجھتے ہیں پرچہ بھردیں توٹیچرصرف نظر مار کر مارکس دیدے گا، سیکڑوں کاپیاں دکھا سکتا ہوں جن میں طلبہ نے گانے لکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں انٹر سال اول کے امتحانات گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی متنازع ہو گئے۔ پری میڈیکل میں کامیابی کا تناسب 33 جب کہ پری انجینئرنگ میں 29 فیصد رہا۔