اسلام آباد: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست کا صرف ایک ہی نقطہ ہے وہ یہ کہ نواز شریف کسی صورت وزیر اعظم نہ بنیں، پاکستان تحریک انصاف نے اپنے تمام سینیٹرز آصف زرداری کی جھولی میں ڈال دیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ذاتی خواہش ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا چیئرمین سینیٹ نہ بنے، پی ٹی آئی پہلے اپنا گھر سنبھالے پھر دوسروں پر الزامات لگائے۔
عدلیہ کو فیصلے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا کہ سینیٹ انتخابات پر اس کا کیا اثر پڑے گا: احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی شکایت کرنے والوں کے اصطبل میں سب کچھ ہوا، پی ٹی آئی کی اپنی اسمبلی سے سب زیادہ ہارس ٹریڈنگ کی اطلاعات آرہی ہیں، مخالفین الزامات کی سیاست کے بجائے کام پر توجہ دیں۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہے چیئرمین ایسا ہوا جو جمہوریت اور آئین کی بالا دستی کی علامت بنے، عمران خان چاہتے ہیں کہ کسی صورت چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ (ن) سے منتخب نہ ہو۔
زرداری بزنجو ملاقات: سابق صدر چیئرمین سینیٹ کے لیے پُرامید، بلوچستان کے لیے گنجائش نکالنے کا اشارہ
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد لقدوس بزنجو اپنے صوبہ سے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر رہے ہیں۔
گذشتہ دنوں انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی کے تیرہ نشستیں عبد القدوس بزنجوں کے حوالے کر دیے تھے۔بعد ازاں انہوں نے پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے بھی ملاقات کی جہاں آصف زرداری نے بھی بلوچستان کے لیے گنجائش کی راہ نکالنے کا اشادہ دیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔