کراچی: وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ شہر کا امن بڑی مشکلوں سے بحال ہوا ہے، کسی کو کراچی کا امن تباہ کرنے نہیں دیں گے، لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ پر امن گھر لوٹ جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ ایک جماعت کے پاس جلسے کے لیے این او سی موجود ہے، تاہم معاملے کا بڑی باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے کارکنان سے پر امن رہنے کی اپیل کرتا ہوں، اور ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ پرامن طور پر اپنے اپنے گھر لوٹ جائیں، شہر کا امن ہم سب کو عزیز ہے اسے کسی بھی جماعت کو خراب نہیں کرنے دیں گے۔
پی پی کارکنان نے بدترین مثال قائم کی: علی زیدی، پی ٹی آئی واقعے کی ذمہ دار ہے: سعید غنی
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں پی پی اور ایم کیو ایم نے کراچی میں جلسہ کیا اور ٹنکی گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے باقاعدہ اجازت نامہ لے کر جلسہ منعقد کیا تھا۔
خیال رہے کہ کچھ دیر قبل گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان کے درمیان خونریز تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، مشتعل افراد نے موٹر سائیکل اور دو گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تاہم پولیس دونوں گروپوں کو قابو کرنے میں ناکام ہوگئی۔
کراچی، پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم، تین گاڑیاں نذرآتش، پتھراؤ
واضح رہے کہ حکیم سعید گراؤنڈ میں دونوں جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے، مشتعل کارکنوں نے گراﺅنڈ میں لگے تحریک انصاف کے کیمپ کو اکھاڑ دیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔